کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹراطہرعطاءنےعبدالحق کیمپس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر اطہر عطاء نے کہا ہے کہ اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیم وتربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جامعہ میں طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نصاب کی ازسر نو تدوین کی جائے گی۔ وہ شعبہ جات میں ہونے والے تحقیقی سیمینار اور ورکشاپس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی وتحقیقی حوالوں سے ان طلباء کی ذہن سازی ہونا چاہیے۔اساتذہ مختلف شعبوں اور دیگر تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں طلباء کی رہنمائی کریں اس سلسلے میں اساتذہ کی محنت اور لگن طلباء کونہ صرف عملی زندگی میں کامیاب ہونے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کے جامعہ کے شعبہ جات کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔جامعہ کے اساتذہ نے شیخ الجامعہ کی آمد کا شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کے شیخ الجامعہ نے کامیاب ہونے والے اساتذہ کو گزشتہ سلیکشن بورڈ کے خطوط تقسیم کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ جامعہ کی ترقی اور بہتری کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اساتذہ نے شیخ الجامعہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔