جمعرات, 18 اپریل 2024


پاکستان میں ناخواندگی کی شرح خطرناک حدتک بڑھ رہی ہے

کراچی: سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیراہتمام ’’پائیدار ترقی میں کمیونٹی کا کردار اورزمہ داریاں ‘‘ کے عنوان پر سیمینار کا انعقادکیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی معروف سماجی رہنما اور ایدھی فاءونڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی تھے جبکہ مہمان مقررکمیونٹی ڈیولپمنٹ ایڈوائزر ساجد حسین خاصخیلی تھے ۔

شرکاء میں چانسلر کے ایڈوائزر سراج خلجی کے علاوہ طلباء، اساتذہ اور اسٹاف ممبرز کی ایک کثیر تعداد شامل تھی ۔مہمانِ خصوصی، چیئرمین ایدھی فاءونڈیشن فیصل ایدھی نے عام لوگوں خصوصاََ دیہی سندھ میں غربت،ناخواندگی، احساسِ محرومی اور مایوس کن صورتحال پر بات کی اور تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ناخواندگی کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے اور آج تقریباََ دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔ ایسے وقت جبکہ دوسری قو میں مریخ اور چاند پررہائش کے مواقع تلاش کررہی ہیں ، ہم ابھی تک لاکھوں بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے جگہ تک فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔

انہوں نے سرسید یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی تقدیر بدلنے کے لئے آگے آئیں اور ان کا ساتھ دیں ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ ہم اس نیک مقصد میں ساتھ دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ بچوں کی تعلیم نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کو محفوظ بناتی ہے بلکہ اجتماعی طورپرایک پُرِ اعتماد قوم کی تعمیر کرتی ہے ۔ تعلیم معاشرے کی سوچ کو عالمی تناظر کے مطابق ڈھالتی ہے اور معاشرتی برائیوں کو جڑ سے ختم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے ۔ تعلیم کی اہمیت کو قطعی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ معاشرے سے عدم مساوات ختم کرکے ملک میں یکساں ترقی کو یقینی بناتی ہے ۔سنیئر کمپلائنس مینجمنٹ وکمیونٹی ڈیولپمنٹ ایڈوائزر ساجد حسین خاصخیلی نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں وسائل ختم ہورہے ہیں اور بہت سے جانداروں کے ناپید ہونے کے امکانات قوی ہوگئے ہیں ۔ پوری دنیا عدم توازن کا شکار ہے کیونکہ دولت کا ارتکاز صرف چند ہاتھوں میں ہے جس کے نتیجے میں معاشرہ میں بھوک اور افلاس کا ڈیرہ ہے ۔

اس موقع پر شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین ڈاکٹر عماد الحق نے کمیونٹی کی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیاکرنا ضروری ہے جو انھیں عالمی تناظر کے مطابق سماجی کلچر سے نہ صرف آگاہی دے بلکہ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے کی تربیت بھی کرے ۔قبل ازیں خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کمیونٹی کے ارکان کو با اختیار بناتی ہے، اور کمیونٹی کو زیادہ مضبوط اور مربوط بناتی ہے ۔

مجھے امید ہے کہ ہمارے طلباء خدمت انسانی کے جذبہ سے سرشار ہوکررضاکارانہ طور پر انسانیت کی خدمت کے لئے متحرک ہوں گے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment