کراچی: جامعہ کراچی اور گولڈنسن پیٹرولیم سروسز کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور گولڈنسن پیٹرولیم سروسزکے سی ای اوغلام شبیر نے کئے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق مذکورہ کمپنی اپنے دس تحقیقاتی لائسنس جامعہ کراچی کو عطیہ کرے گی جس کی کمرشل قیمت ایک ملین ڈالر ہے جس کے تحت جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ انرجی اور جیو ریسورسز کے شعبے میں معنی خیز اکیڈمک استڈیز اور ریسرچ سرانجام دیں گے۔
کمپنی جامعہ کراچی کو ان سافٹ ویئرز کے استعمال کے لئے بھی مطلوبہ تربیت فراہم کرے گی۔اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نے کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے اور مذکورہ معاہدے سے جامعہ کراچی کو انڈسٹریز کے ساتھ تعاون میں ایک نئی جہت ملے گی، ہماری کوشش ہے کہ ہمارے طلبہ کو تعلیم کے دوران ہی انڈسٹریز کا پیشہ ورانہ تجربہ ملے تاکہ وہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد کسی بھی انڈسٹری میں جاکر اپنی قابلیت کا لوہا منواسکیں۔
جامعہ کراچی طلبہ کی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتیوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کو ملازمت کے بہترین مواقع دینے کے لئے بھی کوشاں ہے جس کی وجہ سے جامعہ کراچی کے فارغ التحصیل طلبہ قومی اور بین الاقوامی معیار کے اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر موجود ہیں۔