کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم آرٹس پرائیویٹ اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
ان امتحانات میں شرکت کے خواہشمند تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 10 فروری سے بروز منگل28 فروری تک بورڈ آفس لائبریری میں واقع یونائیڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
ایسے امیدوار جو مقررہ تاریخوں تک اپنے امتحانی فارم نہیں جمع کرواسکیں وہ 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز بدھ یکم مارچ سے 15 مارچ تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز جمعرات 16مارچ سے 30مارچ 2023ء تک اپنے امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں۔
تمام طلبہ اپنے امتحانی فارم کی تصدیق گریڈ 17کے گزیٹڈ افسرسے کروانے کے پابند ہیںجبکہ طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کرلی جائے گی۔
طلبہ امتحانی فارم، فیس واؤچر اور اسپیشل چانس کا پروفارما بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں