جمعہ, 11 اکتوبر 2024


اداروں کوخودمختاری دیکر ہی ترقی کی راہ پرگامزن کیاجاسکتاہے،چیئرمین ایچ ای سی

کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید طارق رفیع نے کہاہےکہ اداروں کو خود مختاری دےکر ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، اداروں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونا چاہیے، ایس ایم سی کو کالج سے جامعہ کا درجہ دلانے میں المنائی کیساتھ ساتھ پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کردار واضح رہا ہے، میں انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنا وعدہ وفا کیا۔

سندھ میڈیکل کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ڈاکٹر تقی اعظم کے نام سے مختص دوسرے روز پینل ڈسکشن بعنوان ’’ایس ایم سی کے گریجویٹس کا کمیونٹی میں کردار‘‘ میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میڈیکل کالج کو قیام سے لیکر اب تک کچھ بھی بآسانی حاصل نہیں ہوا، اس کالج نےسندھ کی نمبر ون میڈیکل یونیورسٹی بننے کا سفر شب و روز محنت کرکے طےکیا ہے، میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جامعہ کو عظیم بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے خطاب میں جےایس ایم یو کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہماری جامعہ کے سابق سربراہان اور المنائی اپنے اپنے شعبے کے چمکتے ستارے ہیں،میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آپ لوگوں کا یہاں آنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے، JSMUAANAبہترین کام کر رہی ہے، طلبہ کو اسکلز پر توجہ دینا چاہیے، انہوں نے بتایا کہ جامعہ اس سال سے ڈینٹل ہیلتھ سائنسز میںاپنے پہلےپی ایچ ڈی بیچ کی تعلیم کا آغاز کر رہی ہے، پہلے بیچ کے 12کامیاب امیدواروں کا انتخاب کرلیاگیاہے۔

بعد ازاں ایس ایم سی المنس ڈاکٹر شاہد اقبال دانش کی نظامت میں پینل ڈسکشن کا انعقاد کیاگیا جس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر نوشاد احمد شیخ،کرنل ڈاکٹر خالد رفیع ، سابق آئی جی مشتاق مہر، سی ای او پاکستان اسٹیل ملز ڈاکٹر سیف الدین جونیجو، ڈائریکٹر انڈس اسپتال ڈاکٹر یحیٰ چاولہ، ڈاکٹر شاہد سمیع، ڈاکٹر سید محفوظ عالم، ڈاکٹر ذکی ، ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر جاوید مشتاق، ڈاکٹر جبار خٹک،ڈاکٹر نگہت، ڈاکٹر شفقت عباسی نے شرکت کی ۔

اس موقع پرپینل کے تمام معزز شرکاء نے ایس ایم سی سے وابستہ اپنی اپنی روداد سنائی اور اپنے اپنے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں ایس ایم سی کے کردار و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پینل ڈسکشن کے موقع پر جامعہ کی فیکلٹی اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پینل کےشرکاء سے مختلف سوالات بھی کئے جس کےبعد رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے خوب صورت اشعار کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment