کراچی: جامعہ کراچی کی دو طالبات کو اغواکرنے کی کوشش کے معاملے پر تحقیقات کاآغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی یونیورسٹی کی دو طالبات نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے انہیں زبردستی رکشا میں اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے بھاگ کر جان بچائی۔
جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ کے باہر شادی ہال کے قریب دو طالبات اپنی دیگر ساتھی طالبات کے ہمراہ موجود تھیں کہ رکشا میں سوار افراد وہاں پہنچے اور انہیں اسلحے کے زور پر رکشا میں بٹھانے کی کوشش کرنے لگے۔
طالبات نے دعویٰ کیا کہ وہ فوری طور پر وہاں سے شور مچاتی ہوئی بھاگ گئیں جس کی وجہ سے رکشا میں سوار افراد بھی فرار ہوگئے۔
اس سلسلے میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو طالبات کے اغوا کی کوشش کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جائے واقعہ کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا، دعویٰ کرنے والی طالبات کی دیگر ساتھیوں کو ڈھونڈا جا رہا ہے ان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد صورتحال کچھ واضح ہوسکے گی۔