کراچی: شعبہ معاشیات جامعہ کراچی میں ایم فل / پی ایچ ڈی کے طلبہ کے لئے قائم ریسرچ کمپیوٹرلیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ تعلیم پاکستانی حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں اورتواترکے ساتھ تعلیمی بجٹ میں کمی اس کا منہ بولتاثبوت ہے۔
ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان فرق دراصل علم کا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لئے تعلیم کے بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کرناہوگا۔جامعات کو ان کی ضروریات کے مطابق فنڈزفراہم کرنے کی صورت میں ہی ان سے اچھی، معیاری اور معاشرتی مسائل کے حل پرمبنی تحقیق سامنے آسکتی ہے۔
اس موقع پرصدرشعبہ معاشیات ورجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر عبدالوحید رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم،صدرانجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شاہ علی القدر،پروفیسرڈاکٹرانیلا امبر ملک،پروفیسرڈاکٹرثمینہ سعید،پروفیسرڈاکٹرتنویر عباس ودیگر بھی موجود تھے۔
صدرشعبہ معاشیات ڈاکٹر عبدالوحید نے شعبہ معاشیات میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں، کمپیوٹر لیب کے قیام اور اس کی ضرورت کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ڈاکٹر عبدالوحید نے بتایا کہ نامساعد مالی حالات کے باوجود شعبہ ہذا کے سابق طلبہ ودیگر کے تعاون سے شعبہ ہذا میں کمپیوٹرلیب کا قیام اور شعبہ کی تزئین وآرائش کی گئی۔تقریب میں نظامت کے فرائض شعبہ اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر ذیشان عتیق نے انجام دیئے۔