جمعہ, 11 اکتوبر 2024


تربت یونیورسٹی کے 35 رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

کراچی : جامعہ تربت بلوچستان کے شعبہ کیمیاء کے ایک وفد نے گزشتہ روز انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز اور ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ (کبجی)جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔

بی ایس پروگرام ایم ایس سی سال آخر کے 17طلباوطالبات اور تین اساتذہ پر مشتمل وفد کراچی کے تین روزہ مطالعاتی دورے پرآیاتھا۔وفدنے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈجینیٹک انجینئرنگ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات کی اور وائس چانسلر کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو آن ہینڈ ٹریننگ پروگرام اور انٹرن شپ کی پیشکش کی اور کہاکہ جامعہ کراچی کی جانب سے بلوچستان سے آنے والے طلبہ کو رہائش،لاجسٹکس اورٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی۔

علاوہ ازیں شیخ الجامعہ نے جامعہ کراچی کی سینٹرلائزڈسائنس لیبارٹری میں تربت یونیورسٹی کے طلبہ کو مفت سہولیات فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی اور ایک لیکچرسیریز شروع کرنے پر زوردیا تاکہ جامعہ کے فیکلٹی کے تجربات سے تربت یونیورسٹی کے طلبہ استفادہ کرسکیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے طلباء سے کہا کہ وہ معاشرے میں تبدیلی لانے کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں کم از کم ایک بچے کو تعلیم دیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے آگے بڑھنے کا راستہ ہے اور تمام تعلیمی اداروں کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرناچاہیئے۔ بلوچستان اور ملک کے کچھ دیگر حصے ابھی بھی پسماندہ ہیں لہٰذا ان کی ہر ممکن مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے یہ پیشکش بھی کی کہ یونیورسٹی آف تربت کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء جامعہ کراچی سے معاون سپروائزر رکھ سکتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment