کراچی: سندھ میں ٹیچنگ لائسنس پالیسی کے تحت آئی بی اے سکھر میں ٹیچنگ لائسنس کے امتحانی سینٹر کاصوبائی وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین نےدورہ کیا۔
اس موقع پر سندھ ٹیچرز ڈولپمینٹ اتھارٹی (STEDA) کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر سید رسول بخش شاہ، ڈائریکٹر ایلیمنٹری شہاب الدین انڈڑ، ڈائریکٹر پرائمری سکھر ریجن محمد حاجی برڑو، پرنسپال آئی بی اے پبلک اسکول سکھر ڈاکٹر علی گوہر چانگ اور دیگر افسران موجود تھے۔
صوبائی وزیر تعلیم و ترقی نسواں سندھ رعنا حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹیچنگ لائسنس پالیسی کے انعقاد کے بعد ملک میں پہلی مرتبہ ٹیچنگ لائسنس کا امتحان کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکا ہے، سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے پالیسی بنانے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد بھی کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ رعنا حسین کو آگاہی دی گئی کہ میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ طریقہ کار کے تحت آئی بی اے سکھر کی طرف سے سندھ کے تین شہروں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں ٹیسٹ لیا گیا، ٹیسٹ میں 4351 امیدواروں نے درخواتیں جمع کروائیں جبکہ ٹیسٹ میں حاضر ہونے والوں کی تعداد 4003 رہی۔ ٹیچنگ لائسنس ٹیسٹ کے لیے حاضر سروس اساتذہ اور پری سروس کے تحت امیدروان نے حصہ لیا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا ثبوت 60ہزار سے زائد اساتذہ کی میرٹ کی بنیاد پر بھرتی بھی ہے۔ ٹیچنگ لائسنس کے لیے آئی بی آے سکھر کے تحت ہونے ٹیسٹ میں کراچی میں 544، حیدرآباد میں 1499 جبکہ سکھر میں 1960 مرد و خواتین امیدواروں نے حصہ لیا۔