وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی صدارت میں جامعہ این ای ڈی کے تحت210واں سنڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد ہوا۔
جس میں گزشتہ اجلاس کی سفارشات کی منظوری سمیت تعلیمی، مالیاتی اور انتظامی معاملات کی منظوری بھی دی گئی۔
اس موقعے پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں اضافے کی منظوری ملازمین کے لیے خوش کُن لمحہ ہوتا ہے۔ سینڈیکیٹ اراکین کی منظوری سے اکتوبر سے اضافے کے ساتھ تنخواہ کا اجرا کیا جائیگا جب کہ جولائی اور اگست کے واجبات بھی اکتوبر میں دیئے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس اجلاس میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر شیراز کے انتقال پر سینڈیکیٹ میں فاتحہ خوانی کی گئی جب کہ پروفیسر ڈاکٹر بلال زاہد کو چئیرمین ٹیکسٹائل انجینئرنگ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ سول انجینئرنگ کے پروفیسر ڈاکٹر صداقت اللہ خان کی چیئرمین شپ کو تسلسل سے جاری رکھنے کی منظوری سمیت سینڈیکٹ میں اسٹیم سینٹر کے قیام کی منظوری سمیت اسے عاصمہ ایم ہاشمی کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
یاد رہے کہ مسز عاصمہ ہاشمی این ای ڈی کی سابقہ طالبہ (المنس) ہیں جھنوں نے طالب علموں کی ضرورت کے پیشِ نظر یہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس (STEM) سینٹر بنوایا ہے۔ اس اجلاس میں پانچ پی ایچ ڈیز کی منظوری بھی دی گئی۔
سینڈیکٹ اجلاس میں شیخ الجامعہ سمیت معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، سیکریٹری آئی ٹی (سندھ) نور احمد سموں،سیکریٹری سندھ ایجوکیشن کمیشن معین الدین صدیقی، ڈاکٹر نعمان احمد، ڈاکٹر سعد قاضی، سینڈیکیٹ سیکریٹری رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی، پروفیسر اے کیو مغل، مفتی بلال احمد قاضی، انجینئر سہیل بشیر، سجیر الدین، ڈاکٹر مبشر صدیقی، عزیز لطیف جمال، ڈاکٹر مرزا محمود بیگ، صفی احمد ذکائی، کاشف احمد سمیت ڈاکٹر واصف و دیگر ممبران نے فزیکل اور آن لائن شرکت کی