بدھ, 30 اکتوبر 2024


این ای ڈی میں33واں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسنادکی پرُوقار تقریب منعقد

این ای ڈی میں33واں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسنادکی پرُوقار تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں1700 بیچلرز، 277ماسٹرز اور 21 پی ایچ ڈی اسکالرز کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

تقریب میںچانسلرجامعات/ گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری،بطور اعزازی مہمان وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، مہمانِ خصوصی حسین داؤد، اعزازی مہمان امیر الاسلام شریک ہوئے۔

جلسہ تقسیم اسنا د سے خطاب کرتے ہوئےمقررین کاکہنا تھا کہ این ای ڈی طالب علم کو دنیا تسخیر کرنا سکھا رہی ہے، جامعہ کے لیے ٹیم کی خدمات کو قریب سے دیکھا ہے، سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد میں شامل ہونا طالب علم اور والدین کا خواب ہوتا ہے، جامعہ این ای ڈی اور اس کا تھر کیمپس بہترین بہترین تعلیمی مراکز ہیں، سَستی اعلی تعلیم سندھ حکومت کے تعلیم دوست ہونے کا ثبوت ہے، 21 پی ایچ ڈی اسکالرز ہونا مستحسن ہے، ادارے کے سابقہ اور وابستہ ہر فرد کا شکریہ جنہوں نے سو برس جامعہ این ای ڈی کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ/ چانسلر جامعات محمد کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا میں بحیثیت چانسلر دیکھ کر خوش ہوں کہ آپ کے ادارے این ای ڈی نے آپ کو تحقیقی دنیا میں قدم رکھنا سکھایا ہے جس سے این ای ڈی کا طالب علم دنیا تسخیر کر سکے گا۔ آج کا جوان انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کے دَور کا کھلاڑی ہے۔ اسے ترقی کے لیے ان میدانوں میں محنت کرنی ہوگی اور جیت کردکھانا ہوگا۔

اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ جامعہ کے اس سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد میں شامل ہونا ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ میں آج یہاں این ای ڈی میں اعزازی مہمان ہوں لیکن دراصل یہ میری مادرِ علمی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں اس ادارے سے پڑھ کر نکلا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ میں گواہ ہوں کہ جب بھی اس ادارے کی بہتری کے لیے میں کوئی کام کہا تو ڈاکٹر لودھی نے دن رات ایک کرکے بہترین نتیجہ دیا۔انہوں نے مزید ارادہ ظاہر کیاکہ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ سے وابستہ رہے ہیں اور وابستہ رہیں گے۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے داؤد ہرکولیس کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد نےکہاکہ امکانات کی دنیا آپ کی منتظر ہے، آنے والے وقت میں آپ ناصرف امکانات کے دروازے خود پر کھولیں گے بلکہ ملک کا نام روشن بھی کریں گے جب کہ امیر السلام نے ادارے کے سابقہ و وابستہ افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سو برس سے زائد جامعہ این ای ڈی کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، جامعہ کی انتظامیہ، آپ کے اساتذہ، ان کا تحقیقی ماحول سب نے مِل کر طالب علموں کو بہترین تعلیمی ماحول میسر کیا تو آج کے دن میرے طالب علم فخر سے سر بلند کرکے یہاں کھڑے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے ایک بہترین نسل تیار کردی ہے جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثالی کردار ادا کرنے کے لیے اب تیار ہے۔

پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل اور رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی کے مطابق اس جلسہ تقسیم اسناد 2024 میں 21 اسکالرز کو ڈاکٹریٹ کی اسناد تفویض کی گئیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment