اتوار, 28 اپریل 2024


پروفیسراقبال چوہدری فائٹو کیمیکل سوسائٹی ایشیا ء کے نائب صدر منتخب

ایمز ٹی وی (کراچی)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیکل سوسائٹی آف ایشیا ء کے نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سینئرآفیشل کے مطابق کیمیکل سوسائٹی آف ایشیا ء نے پروفیسر اقبال چوہدری کی بائیو آرگینک اور ادویاتی کیمیاء کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اُن کو دوسری بار اِس عہدے پر منتخب کیا ہے۔ کیمیکل سوسائٹی آف ایشیا ء اس خطے کی انتہائی معتبر سائنسی تنظیم ہے جو ایشیاء کے فائٹو کیمیسٹ کی نمائندگی کرتی ہے، اس تنظیم کا بنیادی مقصد اس خطے کے نباتات سے حاصل شدہ قدرتی مرکبات کی تحقیق میں ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کونسل برائے سائنس اور ٹیکنالوجی (پی سی ایس ٹی)، اسلام آباد نے اپنی نئی تحقیق کے مطابق پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری کو پاکستان کے صفحۂ اول کے سائنسدانوں کی فہرست میں دوسرے نمبرپر رکھتے ہوئے سب سے زیادہ ثمرآور(Productive) سائنسدان قرار دیاہے۔ انھوں نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں انکی تقریباً 1650 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ 27 کتب شائع ہوچکی ہیں، بین الاقوامی سائنسی جرائد میں900 تحقیقی اشاعتیں اور 32 پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ انکے زیر نگرانی67طالبعلم پی ایچ ڈی اور 18 ایم فل مکمل کرچکے ہیں،بین الاقوامی اعزازات کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ پروفیسراقبال چوھدری کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز، ستارۂ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن نے پروفیسراقبال چوھدری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی یہ کامیابی صرف جامعہ کراچی نہیں بلکہ پوری قوم کے لئے ایک اعزاز ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment