ھفتہ, 23 نومبر 2024


پولیس گردی عروج پر، جعلی پولیس مقابلے میں طالبعلم ہلاک

ایمزٹی وی(کراچی )کراچی کے علاقے گزری میں ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا۔ پولیس نے ملائیشیا سے تعلیم حاصل کرکے آنے والے طالب علم کو سٹریٹ کرائم کا ملزم ظاہر کر کے مار ڈالا۔ گزری کے علاقے میں گزشتہ روز پولیس نے مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ، تاہم ایک روز بعد ہی اس دعویٰ کا پول کھل گیا۔ ہلاک کئے جانے والے نوجوان کے گھر والے سامنے آگئے اور سچ بتا دیا کہ پولیس کی جانب سے مقابلہ دراصل جعلی تھا۔ نوجوان ذکریا تو چھ روز قبل ہی ملائیشیا سے کراچی پہنچا تھا ، گزشتہ روز ذکریا اپنے دوست آزاد کے ہمراہ گزری کے علاقے میں تھا۔ پاسپورٹ پر بھی تفصیلات درج ہیں جبکہ 22 سالہ آزاد کو پولیس نے تاحال کسی تھانے میں گرفتاری ظاہر نہیں کی۔ پولیس کی جانب سے دونوں نوجوانوں کو سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم ظاہر کیا گیا تھا۔ ۔ ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ دوسری جانب مقتول کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بے گناہ زکریا کو انصاف دیا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ کچھ روز میں مقتول کی شادی ہونے والی تھی ۔ زکریا اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کے لیے گھر سے نکلا تھا ۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ زکریا کا شناختی کارڈ پولیس کے پاس ہے ، طلب ہم سے کیا جا رہا ہے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment