ایمز ٹی وی (کراچی) لیاری گینگ وار کے بدنام زمانہ سرغنہ عزیر بلوچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، عزیر بلوچ کو کراچی کے مضافاتی علاقے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ شہر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، عزیر بلوچ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ عزیز بلوچ کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق عزیر بلوچ قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت 50 سے زائد مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا اور بہت عرصے سے مفرور تھا۔ عزیر بلوچ کو انٹر پول کی مدد سے دبئی میں گرفتار بھی کیا گیا تھا اور کراچی پولیس کی ٹیم ارشد پپو قتل کے مرکزی ملزم کو پاکستان منتقل کرنے کے لئے خلیجی ملک بھی گئی تھی لیکن انھیں ملک منتقل نہیں کیا جا سکا۔ لیاری گینگ وار کے سربراہ رحمان ڈکیت کی ہلاکت کے بعد عزیر بلوچ کو گینگ وار کا سربراہ بنایا گیا تھا۔