ایمز ٹی وی (کراچی) قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف 2 فروری کو جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج کے دوران لاپتہ ہونے والے پی آئی اے کے 4 ملازمین کو نامعلوم افراد خود ہی چھوڑ گئے ہیں۔ ہدایت اللہ، منصور، ضمیر چانڈیو اور سیف اللہ نامی چاروں افراد 2 فروری کو احتجاج کے دوران لاپتہ ہوئے تھے، نامعلوم افراد ان چاروں ملازمین کو ناگن چورنگی کے قریب مختلف مقامات پر چھوڑ گئے جہاں سے وہ اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے۔
بازیاب ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اٹھانے والے افراد نے نقاب پہنے ہوئے تھے اس کے علاوہ چار روز تک ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئی تھیں جس کی وجہ سے وہ انہیں اٹھانے والوں کو پہچان نہیں سکتے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کے اغوا کاروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو ملازمین کی بازیابی کے لئے آج دوپہر تک کا الٹی میٹم دیا تھا، بصورت دیگر ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل تک مارچ کرنے کی دھمکی دی تھی۔