ایمز ٹی وی (کراچی) پولیس نے کورنگی کے صنعتی علاقے میں مبینہ مقابلے کے دوران بینک ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی پولیس کے ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ فاروق اعوان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہیں آج نامعلوم ملزمان کی جانب سے محمود آباد کے ایک بینک کو لوٹنے کی پیشگی اطلاع ملی تھی، اسی اطلاع کی روشنی میں پولیس نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ناکہ بندی کی تھی، پولیس نے مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے رکنے کے بجائے فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 ملزمان مارے گئے۔
فاروق اعوان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی شناخت مراد اور ارسلان کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ افراد بینک ڈکیتیوں میں ملوث ایک گروپ کے رکن تھے۔ اس گروپ نے شہر کے مختلف علاقوں میں 11 بینک ڈکیتیاں کی ہیں جب کہ رواں برس شہر میں ہونے والی 3 بینک ڈکیتیوں میں بھی یہی گروپ ملوث ہے۔ ان افراد کی شناخت لوٹے گئے بینکوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ہوئی ہے۔ ان ملزمان کی گرفتاری پر 10لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا۔ ایس ایس پی ایس آئی یو نے دعوٰی کیا ہے کہ پولیس نے گزشتہ 3 سال کے دوران ہونے والی بینک ڈکیتیوں کے تمام کیسز حل کرلئے ہیں۔