ھفتہ, 20 اپریل 2024


ریڈیوپاکستان کی نشریات جلد یورپ میں سنی جا سکیں گی :ثمینہ پرویز

ایمز ٹی وی (کراچی) ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹرجنرل ثمینہ پرویز نے کہا ہے کہ جلد ہی دو نئے شارٹ ویوز ٹرانسمیٹر لگائے جا رہے ہیں جن کی بدولت ریڈیو کی نشریات یورپ میں بھی سنی جا سکیں گی۔

جمعرا ت کو یہا ں نئی منتخب ہونے والی سی بی اے یونین یو ایس او کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایک شارٹ ویوز ٹرانسمیٹر کو بحال کیا گیا ہے جس کے بعد ہماری نشریات مقبوضہ وادی میں سنی جا رہی ہیں ۔

ڈائریکٹر جنرل نے ریڈیو کے عملے کے انتھک کاوشوں کو سراہا کہ انہوں نے 2005 کے زلزلے میں مظفرآباد میں تباہ ہونے والی ریڈیو بلڈنگ کودوبارہ تعمیر کیا ۔ انہوں نے مشکل حالات کے باوجود تربت سے نشریات دوبارہ شروع کیں۔

ادارے کے عملے نے انتہائی پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد میں ایک نیا ٹرانسمیٹر لگایا جس سے ریڈیو پاکستان کی نشریات اب دوبئی تک سنی جا سکتی ہیں۔ 

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ قیمتی آواز خزانے کی ڈیجیٹائزیشن پر بھی ریڈیو کے اپنے لوگ کام کر رہے ہیں جس سے اس خزانے کو اطلاعات کے جدید ذرائع پر بھی سنا جا سکے گا۔

انہوں نے شعبہ سیلز کی بھی تعریف کی جس نے ادارے کی آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پندرہ کروڑ روپے کا اضافہ کیا۔

یونین کے سیکرٹری جنرل محمد اعجاز نے اس موقع پر ادارے کی بہتری کے لئے انتظامیہ کو عملے کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment