ایمزٹی وی (کراچی) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پاناما لیکس سے متعلق بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پی ایس 106 کے ضمنی انتخاب میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بلدیاتی نمائندوں کومالی اور انتظامی اختیارات دیئے جائیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام وضع کیا جائے جب کہ ملک میں مردم شماری کی جائے اور 20 صوبے بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کے نمائندے کا نام آف شور کمپنی میں آیا، کیا ان کا احتساب ہونا چاہیے جب کہ کسی نے نہیں کہا ہم اپنی پارٹی میں احتساب کریں گے، ایم کیوایم اپنے نمائندوں سے گوشواروں کی تفصیلات بھی طلب کرتی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہم اپوزیشن کا حصہ ہیں لیکن متحدہ اپوزیشن میں نہیں لہٰذا ہمیں نظرانداز نہ کیا جائے اور ہمیں پارلیمانی کمیٹی کے 13 ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جائے کیوں کہ ہم اپوزیشن کی جماعت بن کر صحیح اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔