ایمزٹی وی (کراچی) (اسٹاف رپورٹر) نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلبا کی صلاحیتوں کے اظہار کا موثر ذریعہ ہوتی ہیں۔ ان میں حصہ لینے والے طلبا عملی زندگی میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے عبدالحق کیمپس میں تدریسی وغیر تدریسی ملازمین اور طلبا کو حسن کارکردگی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ ایوارڈز انہیں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی اور ہفتہ طلبا کے کامیاب انعقاد پر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل سائنسز کے مضامین کی دنیا بھر میں بہت اہمیت ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعہ اردو کو 15 ہزار سے زائد طلبا کے لئے سالانہ 70 کروڑ روپے بجٹ فراہم کرتی ہے جو کہ اخراجات کے لئے نہایت ناکافی ہے کیونکہ اسکے اخراجات 1ارب 20 کروڑ روپے سالانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحق کیمپس میں20 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی جسکا پی سی ون تیار کیا جارہا ہے ۔ پروگرام سے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ناہید ابرار، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، رئیس کلیہ مطالعہ مذاہب پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، صدر شعبہ تعلیم ڈاکٹر اشرف خرم، صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر وسیم الدین نے بھی خطاب کیا ۔