ایمزٹی وی (کھیل) لارڈز ٹیسٹ میں تاریخی فتح پر ملک ریاض نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے50 ہزارپاؤنڈ انعام کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو تاریخی شکست دینے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے 50 ہزار پاؤنڈ انعام کا اعلان کیا، انکا کہنا تھا کہ اس تاریخی فتح سے پاکستان میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ میچ سے قبل ملک ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم جیت گئی تو 50 ہزار پاؤنڈ انعام کی صورت میں دیا جائیگا، انہوں نے خود بھی لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں پاک انگلینڈ میچ دیکھا۔ ملک ریاض پاکستانی شاہنوں کی کارکردگی سے بہت متاثر ہیں اور وہ اب تک قومی ٹیم کو سات ملین تحفہ میں دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر اعلٰی حکومتی عہدیداروں نے لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی کامیابی قابل تعریف ہے، امید ہے ٹیم کی کامیابیوں کا سفر جاری رہے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹیلی فون کرکے شاندار فتح پر مبارکباد دی۔۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آرمی چیف نے لارڈز کی کامیابی کو تاریخ فتح قرار دیا۔ وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر اعلٰی حکومتی عہدیداروں نے ٹیم کو جیت پر خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔