ھفتہ, 23 نومبر 2024


اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ،پہلے دن 4 وکٹوں پر انگلینڈ کے 314 رنز

ایمزٹی وی(کھیل) انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنالیے ہیں روٹ 142 رنز اور وویکس 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 314 رنز بنا لیے ہیں جب کہ اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو ئے ہیں،آج اننگ کا آغاز الیسٹر کک اور ایلکس ہیلز نے کیا، انگلینڈ کو ابتدا ہی میں اس وقت نقصان اُٹھانا پڑا جب محمد عامر نے ساتویں اوور میں 25 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز کو بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس موقع پر کپتان السٹر کُک نے جوئے روٹ کے ساتھ ملک کر 185 شاندار شراکت داری قائم کر کے ٹیسٹ کیریئر میں اپنی 29ویں سنچری مکمل کی،اس بار بھی پاکستان کو کھیل میں واپس لانے والے محمد عامر ہی تھے جنہوں نے کُک کو 105 رنز پر بولڈ کرکے ڈریسنگ روم بھیج دیا۔ بعد ازاں جوئے روٹ نے ہمت بندھائی رکھی اور جیم ونز کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کیلیے 28 رنزکی شراکت داری قائم کی اس دوران روٹ نے اپنی سنچری بھی مکمل کی جب کہ جیم ونز 18 رنز پر راحت علی کا نشانہ بنے،جس کے بعد راحت علی کا دوسرا شکار گرے بیلنس بنے، بیلنس نے 23 رنز بنائے یوں پہلے دن کے اختتام پر جوئے روٹ 141 اور کرس ووکس 2 رنز پر وکٹ پر موجود تھے جب کہ مجموعی اسکور 314 تھا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے اور مین آف دی میچ یاسر شاہ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ یاد رہے انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اس موقع پر انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جیمی اینڈرسن اور بین اسٹوکس کی واپسی ہوئی ہے اور معین علی بھی انگلش ٹیم کا حصہ ہیں جب کہ عادل راشد کو موقع نہیں دیا گیا،انہوں اس عزم کا اظہار کیا کہ پہلی اننگ میں بڑا اسکور کرکے پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم گیند کی موومنٹ کا فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کریں گےجب کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ ہمارے لئے بڑا چیلنج ہے، اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment