جمعہ, 22 نومبر 2024


برازیل کی جرمنی کو شکست

ایمزٹی وی (کھیل) ریو اولمپکس میں میزبان برازیل نے جرمنی کو فٹبال میں پنلٹی ککس میں شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا. تفصیلات کے مطابق اولمپکس فٹبال کے فائنل میں میزبان برازیل اور جرمنی کے درمیان میچ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں ایک ایک گول سے برابررہا. برازیل کی جانب سے نیمار نے میچ کے 27 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے برازیل کو برتری دلوائی.جرمنی کی جانب سے کپتان میکسیمیلین مائر نے گول کر کے اسکور برابر کیا. پنلٹی ککس میں برازیل نے جرمنی کو پانچ چار سے شکست دی.آخری اور فیصلہ کن پنلٹی برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار نے لگائی. دو سال قبل جرمنی نے فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کو سات ایک سے شکست دی تھی.اگرچہ یہ فیفا ورلڈ کپ تو نہیں لیکن فٹ بال کا جنون رکھنے والے ملک برازیل کے لیے اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنا اور جرمنی کو شکست دینا بہت اہم بات ہے. یاد رہے کہ برازیل نے اولمپکس فٹ بال میں تین بار چاندی اور دو بار کانسی کے تمغے جیتے ہیں.لندن میں ہونے والی 2012 کی اولمپکس میں برازیل کو میکسیکو نے فائنل میں شکست دی تھی. دوسری جانب جرمنی 1988 کے بعد سے پہلی بار اولمپکس فٹ بال میں حصہ لے رہا تھا۔ 1988 میں جرمنی نے مغربی جرمنی کے طور پر حصہ لیا تھا اور کانسی کا تمغہ جیتا تھا.جرمنی نے کبھی بھی اولمپکس فٹبال میں سونے کا تمغے حاصل نہیں کیا. واضح رہے کہ برازیل نے جرمنی کو شکست دے کر اولمپکس میں فٹ بال میں پہلی بار سونے کا تمغہ جیتا ہے.

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment