ایمزٹی وی (کھیل) شعیب ملک 70 رنزکی عمدہ اننگز کھیلنے کے باوجود تماشائیوں سے خالی نیشنل اسٹیڈیم میں داد کو ترس گئے، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،کپتان اسد شفیق، فواد عالم اور انور علی کی نصف سنچریاں میزبان ٹیم کو فتح دلانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی ناقص حکمت عملی کے سبب قومی ایونٹ کا رنگ پھیکا پڑ گیا، افتتاحی مقابلہ دیکھنے کیلیے بمشکل چند سو شائقین ہی اسٹیڈیم آئے، خیبرپختونخوا کیخلاف سندھ نائٹس کو اختتامی اوور میں کامیابی کیلیے 13رنز درکار تھے لیکن دوسری گیند پر آخری وکٹ انورعلی کی صورت میں گرگئی، انھوں نے 36 گیندوں پر 67رنز بٹورے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور2 چھکے شامل رہے، کپتان فواد عالم 62 اور اسدشفیق56رنز بنانے میں کامیاب رہے، اوپنر خالدلطیف34 اور خرم منظور26رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔
ظفرگوہر نے 3 جبکہ یاسر شاہ اور جنید خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس چلتاکیا، ٹیم نے 260رنز بنائے،اس سے قبل ٹاس جیتنے والی خیبرپختونخوا کی سائیڈ نے مقررہ 50 اوورز میں4 وکٹ پر 266 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر ترتیب دیا، افتخار احمد(11) اور محمد رضوان(4) کے جلد پویلین واپس لوٹنے کے بعد اسرار اللہ اور شعیب ملک نے تیسری وکٹ کیلیے 132رنز کی شراکت بنا دی، اسرار 95 گیندوں پر 62 کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، سابق قومی کپتان نے 82 بالزپر70 کی اننگز کھیلی، عدنان رئیس 50 اور عادل امین52 پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 103رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم ہوئی، دونوں نے سندھ کے بولرز کا عمدگی سے سامنا کرتے ہوئے تمام حربوں کو ناکام بنادیا، انورعلی، میرحمزہ اور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو شکار بنایا۔