ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ون ڈے ورلڈکپ میں اس کھیل سے جڑے تمام بڑے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ سابق کرکٹرز اپنے تبصروں سے پرستاروں کو نوازیں گے۔مگر کچھ لیجنڈز جو پہلے کبھی سلیکٹرز کی مہربانی سے ورلڈکپ اسکواڈز کا حصہ بنتے تھے اب خود اپنی ٹیمیں منتخب کررہے ہیں اور اس کے لیے وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے شکر گزار ہیں۔ آئی سی سی نے ماضی کے ورلڈکپس میں بہترین کارکردگی سے خود کو لیجنڈ منوانے والے کرکٹرز کو اپنی پسند کے گیارہ عظیم ترین کھلاڑیوں کی ٹیم منتخب کرنے کا آپشن دیا ہے اور یہ ان کی مرضی ہے کہ وہ کس ملک کا کھلاڑی اپنی ٹیم کا حصہ بنانا پسند کرتے ہیں۔اور ان کھلاڑیوں میں لیجنڈ پاکستانی کرکٹرز جاوید میاں داد اور انضمام الحق بھی شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے چھ ورلڈ کپس میں شرکت کرنے والے جاوید میاں داد نے اپنی عظیم کھلاڑیوں کی جو ٹیم منتخب کی ہے اس کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انہوں نے خود کو بھی اس میں شامل کرلیا ہے۔جاوید میاں داد کی ٹیم میں سچن ٹنڈولکر اور ویسٹ انڈیز کے گورڈن گرینج اوپنر، تیسرے پر ویو رچرڈز، چوتھے پر جاوید میاں داد، پانچویں پر کلائیولائیڈ، چھٹے پر اے بی ڈی ویلئیر (وکٹ کیپر)، ساتویں پر عمران خان، آٹھویں پر عبدالقادر، نویں پر رچرڈ ہیڈلی، دسویں پر جوئیل گارنر اور آخر میں مائیکل ہولڈنگ کو رکھا گیا ہے۔پاکستان کے ایک اور لیجنڈ بلے باز انضمام الحق کی ٹیم ایڈم گلکرسٹ، سچن ٹنڈولکر، ویو رچرڈز، جاوید میاں داد، برائن لارا، اسٹیو واہ، عمران خان، وسیم اکرم، شین وارن، مرلی دھرن اور ایلن ڈونلڈ پر مشتمل ہے۔آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے اپنی ٹیم کے لیے ایڈم گلکرسٹ، وریندر سہواگ، رکی پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، برائن لارا، جیک کیلس، شین وارن، وسیم اکرم، وقار یونس، مرلی دھرن اور گلین میگرا کا انتخاب کیا ہے۔