ایمز ٹی وی (اسپورٹس) بھارت سے بدترین شکست کے بعد جاوید میانداد ٹیم مینجمنٹ پر برس پڑے، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارتی ٹیم سے کبھی نہ جیتنے کی روایت برقرار رہنے پر میانداد بھی سخت نالاں ہیں، آئی سی سی کیلیے خصوصی کالم میں انھوں نے تحریر کیا کہ مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھر میں موجود پاکستانی شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، بڑے میچزمیں ٹیمیں اپنے بہترین11کھلاڑی میدان میں اتارتی ہیں، تجربات نہیں کیے جاتے، افسوس کہ پاکستان کویہ آسان فارمولا کبھی سمجھ نہیں آتا، مینجمنٹ نے غلط ٹیم کھلا کردنیا بھرمیں پاکستانی شائقین کودھچکا پہنچایا، یونس خان سے اننگز اوپن کرانے میں کیا راکٹ سائنس تھی میری سمجھ سے بالا تر ہے، انھوں نے سوال کیا کہ اوپنرناصرجمشید کوکیا صرف وارم اپ میچ کھلانے کیلیے بھیجا گیا تھا؟ ریگولروکٹ کیپرسرفرازاحمد جارحانہ بیٹنگ بھی کرلیتے ہیں انھیں ڈراپ کرنے کی کیا منطق تھی؟ میانداد نے کہا کہ مجھے عمراکمل کی جانب سے کوہلی کا کیچ ڈراپ کرنے پرحیرت نہیں ہوئی کیونکہ وہ کئی بارایسا کرچکے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اپنی قوت کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے،اسپیشلسٹ کو چھوڑ کر آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش ہوئی،ملک کا مفاد پہلے اور افراد بعد میں آتے ہیں، یہی پیش نظر رکھ کر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے لیکن ایسا نہیں کیا جارہا،ہم اپنی بیٹنگ بھی نمبر 8تک دیکھنا چاہتے ہیں، اس کے ساتھ چھٹے بولر کو بھی ضروری سمجھا جا رہا ہے، انھوں نے کہا کہ غلط حکمت عملی سے مصیبت کو خود ہی آواز دیدی گئی دوسری جانب بھارت کا ہوم ورک بہت اچھا تھا،شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے خراب گیندوں کا انتظار کرتے ہوئے اچھی بنیاد فراہم کی، پاکستان محمد عرفان کے قد کا فائدہ اٹھا سکا نہ تینوں اسپنرز لائن اور لینتھ پر بولنگ کرسکے، سابق کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی ایک بڑا جھٹکا لگ گیا ہے، اب پلیئرزکے کندھوں سے بوجھ اتر جانا چاہیے،اگلے 5گروپ میچز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔