ایمز ٹی وی (کھیل) سزا یافتہ کرکٹر سلمان بٹ نے بھی فاسٹ باؤلر محمد عامر کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رعایت حاصل کرنے کے لئے اعتراف جرم کرلیا۔ اوپننگ بلے باز نے اپنا نیا بیان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو جمع کرادیا ہے جسے آئی سی سی کو بھجوایا جائے گا۔ بیان میں سلمان بٹ کا کہنا ہےکہ انہیں محمد عامر اور محمد آصف کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کاعلم تھا۔ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ بھی معلوم تھا کہ محمد آصف اور محمد عامر نو بال کروائیں گے۔ سلمان بٹ اس سے قبل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی کو بیان میں عامر اور محمدآصف کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونے سے بھی انکار کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2010 میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ الزامات ثابٹ ہونے پر سلمان بٹ پر 10، آصف پر 7 جبکہ عامر پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی جبکہ تینوں کھلاڑیوں نے کچھ وقت جیل میں بھی گزارا۔ تاہم سلمان بٹ کی پابندی کے پانچ جبکہ آصف کی پابندی کے دو سال ان کے برتاؤ کو دیکھتے ہوئے ختم کیے جاسکتے ہیں۔