اتوار, 24 نومبر 2024


پی ایس ایل کے مشکور ہیں پر لاہورکسی صورت نہیں آئیں گے

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور آنے سے معذرت کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل اہم غیر ملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن پشاور زلمی کے خلاف اہم میچ میں عمدہ اننگز کھیلنے اور ٹیم کی جیت کے بعد واپس لندن روانہ ہو گئے ہیں جبکہ لیوک رائٹ اور ٹائمل ملز نے فائنل کھیلنے کیلئے لاہور آنے سے معذرت کر لی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے پلے آف میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو ہرا کر پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنا چکی ہے جو 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم میں کیون پیٹرسن، رائلی روسو، نیتھن میکالم، ٹائمل ملز اور لیوک رائٹ شامل ہیں۔
لیوک رائٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ” بڑے بوجھل دل کے ساتھ یہ کہہ رہا ہوں کہ میں لاہور نہیں آ رہا۔ میری فیملی جوان ہے اور میں ایک کرکٹ میچ کیلئے رسک نہیں لے سکتا۔ میں معافی چاہتا ہوں، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ یہ آپ کیلئے کیا اہمیت رکھتا ہے لیکن امید ہے کہ مستقبل میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، میں ایک بار پھر منتخب کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بہت ہی پیارے لوگ ہیں اور پی ایس ایل ٹیلنٹ سے بھرپور زبردست ٹورنامنٹ ہے۔“
ٹائمل ملزنے بھی لاہور آنے سے معذرت کی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ”فائنل کی جانب یادگار سفر! ایک وجہ جس کیلئے ہم بہترین کھیلے۔ بدقسمتی سے میں فائنل کیلئے لاہور نہیں آ رہا لیکن اپنے گھر ٹی وی پر میچ دیکھوں گا اور لڑکوں کو سپورٹ کروں گا، جو بالکل ایسے ہی مقابلہ کریں گے جیسا وہ پورے ٹورنامنٹ میں کرتے آئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پی ایس ایل کا مشکور ہوں کیونکہ میں نے بہت ہی اچھا وقت گزارا ہے۔“
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment