ایمزٹی وی(اسپورٹس)شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بھی میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی میچ فکسرز کے خلاف میدان میں آ گئے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو میچ فکسنگ کے معاملات پر قابو پانے کےلئے سخت قانون بنانا ہو گا اور پی سی بی کو میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر تاحیات پابندی لگانی چاہیئے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ آسان نہیں ہو گا، وہاں کی کنڈیشنز بھی مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں اور ویسٹ انڈین ٹیم اپنی کنڈیشن کا بھرپور فائدہ بھی اٹھاتی ہے، سیریز کے لئے خود کو فٹ رکھنے کے لئے ڈومیسٹک گریڈ 2 کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کی سلیکشن سلیکٹرز کا کام ہے اور اس معاملے پر کوئی بات نہیں کروں گا تاہم جو بھی ٹیم حتمی ہو گی اسے ہرشعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہو گی۔