اتوار, 24 نومبر 2024


شاہینوں کو عالمی چیمپئن بنے 25سال مکمل

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنے آج 25 سال مکمل ہو گئے ہیں،25 مارچ 1992 وہ خوش قسمت دن تھا جب پاکستان کرکٹ کا فاتح عالم بنا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ورلڈ کپ جیتے آج 25 سال مکمل ہوچکے ہیں اور ورلڈ کپ کی سلور جوبلی منائی جارہی ہے۔ورلڈ کپ 1992 ء میں شریک کھلاڑیوں نے سلور جوبلی کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ورلڈ کپ کے فاتح کپتان عمران خان نے کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے سعید انور اور وقار یونس ان فٹ ہوگئے تھے اور دونوں کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے مشکلات پیدا ہوئیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد اور میں بھی پوری طرح فٹ نہیں تھے مگر ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ کی داد دینا ہوگی کیونکہ دوسری ٹیمیں ہمت ہار جاتی ہیں اور ہم نے فتح سمیٹی۔

جاوید میانداد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی چیمپئن بننا کسی بھی ملک کیلئے اعزاز کی بات ہے،ورلڈ کپ کی جیت قوم کے چہروں پر خوشی لے آئی تھی۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ورلڈ کپ کی جیت میرے لئے خواب کی تعبیر تھی۔معین خان کا کہنا تھا کہ فائنل کا ٹرننگ پوائنٹ وسیم اکرم کی 2 گیندیں تھی۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ آج بھی ہر کوئی میری سیمی فائنل میں کارکردگی کی بات کرتا ہے،کیریئر کے کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ہمیں یقین تھا ورلڈ کپ جیت جائیں گے۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment