ایمز ٹی وی (اسپورٹس) مصباح الحق ٹیسٹ، شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی اور اظہرعلی ایک روزہ میچز کے لئے قومی ٹیم کے کپتان مقرر جب کہ سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ کے لئے انتہائی اہم کردار ادا کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم مصباح ٹیسٹ جب کہ شاہد آفریدی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان رہیں گے اس کے علاوہ وہ یونس خان کو بھی بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ وہ ڈسلپن کےحوالے سے انتہائی لاجواب انسان ہیں۔ یونس خان ریٹائر نہیں ہورہے جس پر انہیں بہت خوشی ہے۔
شہریارخان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں ہماری فٹنس عالمی معیار کی دوسری ٹیموں کے مقابلے میں نہیں تھی، ہم اب اپنی ٹیم کو دوبارہ بنارہے ہیں اس لئے اظہر علی کو ون ڈے فارمیٹ میں قومی ٹیم کا نیا کپتان بنایا ہے گوکہ وہ ورلڈ کپ میں ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں تھے تاہم ان کے ڈسپلن کو دیکھ کر یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہرعلی نے قومی سطح پر ثابت کیا ہے کہ وہ اچھے کپتان بھی ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ سرفراز احمد نے خود کو منوایا ہے کہ وہ مشکل حالات میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں اس لئے انہیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نائب کپتان مقررکیا ہے۔