ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بگ تھری کے خاتمے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے ہضم ہونے میں نہیں آ رہا اور اب اس نے چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنے پر غورشروع کر دیا ہے۔
بگ تھری کے خاتمے کا فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک روز قبل ہونے والی جنرل میٹنگ میں ہوا جہاں ہونے والی ووٹنگ کے دوران بگ تھری کے خاتمے کے حق میں 8 ووٹ دئیے گئے جبکہ صرف ایک ممبر سری لنکا نے بھارت کے حق میں ووٹ دیا۔
دی بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) اس فیصلے پر اس قدر سیخ پا ہے کہ اس نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2017ءکے بائیکاٹ پرغور شروع کر دیا ہے جو یکم جون سے انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔
بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ”بی سی سی بی آئی ممبرز پارٹیسیپیشن ایگریمینٹ(ایم پی اے) پر عمل کرتے ہوئے تمام ضروری فیصلے لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔“
واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 8 ٹیموں میں سے 7 ٹیموں نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم بھارت نے ابھی تک حتمی اسکواڈ کا اعلان بھی نہیں کیا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچ 4 جون کو شیڈول ہے اور اس کی تمام ٹکٹیں بھی فروخت ہو چکی ہیں تاہم اگر بھارت نے چیمپینز ٹرافی کا بائیکاٹ کر دیا تو ناصرف پاکستانی شائقین روایتی حریف کے ساتھ میچ دیکھنے سے محروم ہو جائیں گے بلکہ آئی سی سی کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔