ایمزٹی وی(اسپورٹس) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں عمراکمل کے جھگڑوں اور فٹنس مسائل پر بات ہوئی، سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ لگتا ہے عمر اکمل نے داﺅ لگانے کی کوشش کی، پی سی بی کو کھلاڑیوں کے بارے میں سب کچھ معلوم ہونا چاہیے، ان فٹ کھلاڑیوں کو ٹیم کے ساتھ بھجوانا نا انصافی ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ چیرمین پی سی بی کیلئے ہونے والے الیکشن میں امیدوار نہیں ہوں گا جب کہ نجم سیٹھی کو بورڈ کا اگلا سربراہ تعینات کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے عمر اکمل کی حرکتوں پر بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے اس کی فطرت ہی ایسی ہے، وہ کبھی ٹریفک وارڈنز اور کبھی کسی اور سے الجھتا ہے۔ ایک ماہ قبل فٹنس ٹیسٹ لیا گیا، انگلینڈ میں دوبارہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے، جس پر ان کو اسکواڈ سے باہر کرتے ہوئے انگلینڈ واپسی کا پروانہ جاری کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کو فیئر ویل دینے سے متعلق تین چار روز میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹیسٹ ٹیم کیلیے چند نام زیر غور ہیں تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔