فخرزمان کی سری لنکا کے خلاف پر جوش حکمت عملی
ایمزٹی وی (اسپورٹس)جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار انداز میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف میچ پر نظریں جما لی ہیں اور کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت وکٹ پر گزارنے اور سنچری بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
27 سالہ فخر زمان نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا اور 6 چوکوں کی مدد سے 23گیندوں پر 31 رنز بنائے اور انہیں پچھتاوا ہے کہ وہ ان 30 رنز کو نصف سنچری یا اس سے زیادہ میں کیوں نہ بدل سکے تاہم وہ سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے خطرناک ارادے ضرور رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ”میں اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کیلئے وکٹ پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی کوشش کروں گا تاکہ مڈل آرڈر میچ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہو سکے۔ میں سنچری بنانے کی کوشش کروں گا۔“
انہوں نے کہا کہ وہ کوئی مخصوص سری لنکن باﺅلر ان کے ٹارگٹ پر نہیں ہے اور کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر جانے والے اس میچ کو بھی عام میچ کی طرح ہی لیں گے۔ ان کا کہنا تھا ”میں گیند کھیلوں گا، باﺅلر کو نہیں۔ میں ہر گیند کو میرٹ پر کھیلوں گا اور ہر بری گیند کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاﺅں گا۔“
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف جیت نے پاکستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور پرامید ہیں کہ سری لنکا کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
اپنی افتتاحی اننگز سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ ”میں بالکل ویسا ہی کھیلا جیسا میں ڈومیسٹک میچوں میں کھیلتا تھا۔ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں بیک فٹ پر نہیں جاﺅں گا اور جنوبی افریقی باﺅلرز کو ٹیم پر دباﺅ نہیں ڈالنے دوں گا۔ میں ایک بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کر رہا تھا مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔ مجھے اپنے 30 رنز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنا چاہئے تھا لیکن مجھے پچھتاوا ہے کہ میں ایسا نہیں کر سکا۔“