ایمز ٹی وی (اسپورٹس)کرکٹ کی تاریخ میں آئی سی سی ایونٹس میں فتح پانے والے میچوں میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آج تک کسی پاکستانی کپتان کو نصف سنچری بنانے کا اعزاز حاصل نہیں تھا لیکن سرفراز احمد سری لنکا کے خلاف ہدف کے تعاقب میں نصف سنچری بنا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔
عمران خان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 44رنز کی اننگز کھیلی تھی جو آئی سی سی ٹورنامنٹ میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی جانب سے بنایا جانے والا سب سے بڑا اسکور تھا تاہم اب یہ اعزاز سرفراز کو حاصل ہو گیا ہے۔
واضح رہے سرفراز نے سری لنکا کے خلاف محمد عامر کے ساتھ ملکر 75 رنز کی نا قابل شکست شراکت قائم کی اور 61 رنز کی اننگز کھیلی۔