ایمزٹی وی(لاہور) پاکستان کے ہاکی امپائر حیدر رسول نے 100 انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرلیا، حیدر رسول میچز کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی امپائر ہیں۔ حیدر رسول نے امپائرنگ سنچری جوہانسبرگ میں ہاکی ورلڈ لیگ میں مکمل کی، حیدر رسول کو جرمنی اور جنوبی افریقہ کے میچ میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے گولڈن وسل بھی دی گئی۔ حیدر رسول ایشین گیمز، چیمپئنز ٹرافی، ایشیا کپ، جونئیر ورلڈ کپ اور کامن ویلتھ گیمز سمیت کئی ایونٹس میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ادھر قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈکوچ خواجہ جنید، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ پی ایچ ایف نوید عالم، اولمپئن اشتیاق احمد اور مبشر احمد نے اس سنگ میل کے عبور کرنے پر حیدر رسول کو مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔