ایمزٹی وی (اسپورٹس)ورلڈ الیون کے سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے دو رکنی غیرملکی سیکیورٹی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔
پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 12 ستمبر سے ہورہا ہے اور تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ الیون کی آمد سے قبل دو رکنی غیرملکی ٹیم سیکیورٹی کا جائزہ لینے مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور پہنچی جب کہ غیرملکی سیکیورٹی ٹیم کو مختلف شعبوں اور اداروں کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
ورلڈ الیون کے سیکیورٹی منیجر پولیس کے ساتھ مل کر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کو پی سی بی کی جانب سے 'انڈی پینڈنس کپ' کا نام دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں 14 رکنی ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی جب کہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان الیون 7 ستمبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس شروع کردے گی۔ حفیظ اور وہاب ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے
ورلڈ الیون کے خلاف قومی اسکواڈ احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔
فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔