ایمزٹی وی(اسپورٹس) آزادی کپ کے پہلے میچ میں ورلڈ الیون نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل آزادی کپ سیریز کا پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ ورلڈ الیون کی ٹیم کو سخت سکیورٹی حصار میں مال روڈ پر نجی ہوٹل سے اسٹیڈیم لایا گیا، ٹیم کی آمد سے قبل روٹ پر سخت چیکنگ کی گئی اور ہزاروں پولیس اہلکار تعینات تھے۔ اس سے قبل آزادی کپ سیریز کی افتتاحی تقریب میں ورلڈ الیون کے پلیئرز کو پاکستان کے ثقافتی رنگوں میں رنگے اور ٹرک آرٹ سے سجے بگھی نما خصوصی رکشوں میں بٹھا کر گراؤنڈ کا چکر لگوایا گیا، شائقین نے کھڑے ہو کر اسٹار کرکٹرز کا استقبال کیا اور نعرے لگائے جب کہ کھلاڑیوں نے بھی ہاتھ ہلا کر شائقین کے پرخلوص جذبات کا جواب دیا۔ دلہنوں کی طرح سجے سجائے رکشوں میں بیٹھ کر مہمان کھلاڑیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور سواری کا بھرپور لطف اٹھایا، پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر نے رکشہ میں بیٹھ کر آبائی وطن کی یادیں تازہ کیں اور اپنے مخصوص انداز میں شائقین کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے۔ مہمان ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلیسی کر رہے ہیں، دیگر پلیئرز میں ہاشم آملا، تمیم اقبال، جارج بیلی، پال کولنگ ووڈ، ڈیوڈ ملر، گرانٹ ایلوئٹ، ڈیرن سیمی، تھشارا پریرا، عمران طاہر، مورنے مورکل، وکٹ کیپر ٹم پین اور بین کٹنگ شامل ہیں جبکہ سیموئل بدری نے بھی ورلڈ الیون کے اسکواڈ کو جوائن کر لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر پلیئرز میں احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، رومان رئیس، حسن علی اور سہیل خان شامل ہیں۔