ایمزٹی وی(اسپورٹس)ابو ظہبی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے 21 رنز سے فتح حاصل کرلی جبکہ پاکستانی ٹیم 114 رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔ سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکا کی جانب سے 136 رنز کے جواب میں کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین سری لنکن بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ اوپنر سمیع اسلم 2 رنز ہی بنا سکے، انہیں رنگنا ہیراتھ نے پویلین بھیجا، سینئر بیٹسمین اظہرعلی بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹے، شان مسعود(7) پریرا کا شکار بنے۔ بابر اعظم 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔ اسد شفیق 20 رنز بنا کر ہیراتھ کا شکار بنے۔
78 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفرازا حمد 19 رنز پر ہیراتھ کو آگے بڑھ کر شاٹ لگانے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے، 98 رنز پر حارث سہیل بھی 34 رنز بنا کر پریرا کو وکٹ دے بیٹھے جب کہ ان کے فوری بعد حسن علی بھی ہیراتھ کا شکار ہوگئے، محمد عامر کو بھی ہیراتھ نے بولڈ کیا جبکہ آخری بیٹسمین محمد عباس کو سری لنکن کپتان نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ رنگنا ہیراتھ نے 43 رنز کے عوض 6 شکار کئے، دلروان پریرا نے 3 جبکہ سرنگا لکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں سری لنکا کی ٹیم نے آخری روز 69 رنز پر 4 کھلاڑی آﺅٹ سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 138 رنز بنا سکی، نروشن ڈکویلا 40 اور سلوا 25 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، یاسر شاہ نے 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے 2 جبکہ حسن علی، اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد سری لنکا کو سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل ہو گئی ہے، دوسرا اور آخری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ 6 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔