ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سری لنکن بولر رنگنا ہیرات کے خلاف بلے بازوں کو جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں مصباح الحق نے سری لنکا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ پہلے ہی میچ میں نئی ٹیم کے ساتھ حکمت عملی کامیاب ہو۔
مصباح الحق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں اوپنرز نے اچھی بیٹنگ کی تاہم یونس خان اور میری غیر موجودگی میں تھوڑا خلا ضرور ہے۔
سابق کپتان نے مشورہ دیا کہ اسد شفیق اور اظہر علی کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی ٹھیک ہے جب کہ یاسر شاہ اور محمد عباس نے بہت اچھی بولنگ کی۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو جیت کے لئے 136 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی ٹیم 114 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔