ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورٖڈ نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں ورلڈ کپ 2019 تک توسیع کردی ہے، آسٹریلوی شہریت حاصل کرنے والے سابق جنوبی افریقی کرکٹر کو گزشتہ برس مئی میں 2سال کیلیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا، ان کی مدت ملازمت آئندہ سال اپریل میں مکمل ہونا تھی، ذرائع کے مطابق رواں سال چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوچ کی خدمات سے مزید فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے میں توسیع کے بعد مکی آرتھر نے پی سی بی سے اس خواہش کا اظہار کیاکہ ہمراہ کام کرنے والے دیگر کوچنگ اسٹاف کے کنٹریکٹ بھی بڑھا دیے جائیں تاکہ موجودہ سیٹ اپ کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کی تیاری جاری رکھی جائے۔
یاد رہے کہ مکی آرتھر کے ذمہ داریاں سنبھالنے سے پہلے ہی گرانٹ فلاور قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر تھے،البتہ فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن اور بولنگ کوچ اظہر محمود کا تقرر ہیڈ کوچ کی سفارش پر ہی ہوا،نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے قومی ویمنز ٹیم کے عبوری کوچ مارک کولز بھی ان کے دوست بتائے جاتے ہیں، آئندہ ورلڈ کپ مئی سے جولائی 2019 تک انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا۔