ایمزٹی وی(اسپورٹس)ایشیا ہاکی کپ میں ہفتے کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت دوسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے۔ بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت دوسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل پول مرحلے میں بھارت کی ٹیم پاکستان کو 3-1 سے شکست دے چکی ہے۔ بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پاکستان سپر فور رائونڈ میں ایک شکست اور ایک ڈرا کے بعد سب سے آخر میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
گرین شرٹس کے فائنل میں رسائی کے امکانات تقریباً معدوم ہو چکے ہیں تاہم سپر فور کے تیسرے میچ میں ان کا مقابلہ ہفتے کو روایتی حریف بھارت سے ہو گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 4 بجے کھیلا جائے گا۔ یہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کا 171 واں مقابلہ ہو گا، پاکستان ٹیم 82 میچز میں کامیاب رہی جبکہ بھارت کو 53 مرتبہ کامیابی ملی۔ پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں ملائیشیا نے 3-2 سے شکست دی تھی جبکہ جنوبی کوریا سے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
قبل ازیں پول میچز میں گرین شرٹس نے میزبان بنگلہ دیش کو 7-0 سے آئوٹ کلاس کیا تھا، جاپان کے خلاف دوسرا میچ 2-2 سے برابر رہا تھا جبکہ تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ہفتے کو دوسرا سپر فور رائونڈ میچ ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ ملائیشین ٹیم پاکستان کو ابتدائی معرکے میں شکست دینے کی وجہ سے فائنل کیلیے فیورٹ بنی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ سپر فور رائونڈ میں دونوں پولز کی ٹاپ 2 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہیں، دونوں پولز کی سرفہرست ٹیموں کے مابین فائنل معرکہ آج ہوگا جبکہ دوسری 2 ٹیمیں برانز میڈل کیلیے نبرد آزما ہوں گی۔
دریں اثنا ہفتے کو منعقدہ میچز میں جاپان نے میزبان بنگلہ دیش کو 4-0 سے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن لے لی، چین نے اومان کو 3-2 سے مات دیکر ساتویں پوزیشن پر حق جتا دیا۔