ایمزٹی وی(اسپورٹس) قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کیلیے ٹکٹوں کی کائونٹرز پر فروخت شروع ہوگئی۔
ورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ سیریزکے تینوں میچزکیلیے ٹکٹ آن لائن کیساتھ پنجاب بینک کی برانچز پر دستیاب تھے،اس بار ایک کوریئر کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،کائونٹرز پر فروخت شروع ہونے کیساتھ ہی شائقین کی برانچز کے باہرآمد شروع ہوگئی تھی،ایک شناختی کارڈ پر 5تک ٹکٹ لینے کی اجازت دی گئی۔
گزشتہ سیریزکے برعکس اس بار 5سو اور ایک ہزار روپے والے ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کی تعداد زیادہ تھی، کمزور سری لنکن ٹیم کی یواے ای میں ون ڈے سیریز کے دوران مسلسل شکستوں کی وجہ سے بھی شائقین میں جوش وخروش کم نظرآرہا ہے۔
یاد رہے کہ مجموعی طور پر اس بار ٹکٹوں کے نرخ کم رکھے گئے ہیں،جاوید میانداد، راجاز، عبدالقادر، اے ایچ کاردار انکلوژرز کے15 سو قیمت والے تمام ٹکٹ پہلے روز دوپہر 12بجے تک فروخت ہوگئے تھے، 3 اور 5ہزار والوں کی آن لائن بکنگ کا سلسلہ بھی گزشتہ روز ختم کردیا گیا،باقی بچ جانے والے ٹکٹ 5سو اور ایک ہزار والے ٹکٹوں کیساتھ ہی کائونٹرز پر فروخت کیے جارہے ہیں۔