ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا پر جعلسازی کا مقدمہ درج کرلیا۔
نئی دہلی کی مقامی عدالت نے گڑگاؤں کے قریب قائم پرتعیش ہاؤسنگ سوسائٹی میں غبن اور فراڈ کے مقدمے میں ماریہ شراپوا کا نام بھی شامل کرنے کی ہدایات دی تھیں جس کے بعد پولیس نے ٹینس اسٹار کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ماریہ شراپوا پر الزام ہے کہ انہوں ںے رہائشی پروجیکٹ ’’بیلیٹ بائے شراپوا‘‘ کی تشہیری مہم میں حصہ لیا تھا اور اس پروجیکٹ پر کبھی کام ہی شروع نہیں ہوا۔
پروجیکٹ میں گھر بُک کرانے والے ایک شخص نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ پروجیکٹ کے ڈویلپرز نے ٹینس اسٹار کو خطیر رقم کی پیشکش کرکے اس کی تشہیر پر آمادہ کیا جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ 2016 میں مکمل ہوجائے گا۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ’’شراپوا نے نہ صرف ڈویلپرز کے دھوکہ دہی پر مبنی سرگرمیوں نے پرزور تشہیر کی بلکہ عام آدمی کی نظر میں انہوں نے اس پروجیکٹ کی حمایت بھی کی لہٰذا وہ بھی اس مجرمانہ سازش کا حصہ ہیں‘‘۔
پروجیکٹ کے ڈویلپرز کے خلاف بھی دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم اس مقدمے میں اب تک کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔مقدمے کی اگلی سماعت 23 نومبر کو ہوگی۔