ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ اور آسٹریلین ہائی کمیشن کے اشتراک سے گزشتہ روز مرغزار کرکٹ گرائونڈ میں منعقدہ انٹر اسکول کرکٹ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین خداداد صلاحیتوں کی مالک ہیں، زندگی کے جس شعبے میں دیکھیں پاکستانی خواتین سب سے آگے ہیں، نوجوان خواتین کا کرکٹ میں رجحان خوش آئند ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام دبئی میں ہونے والے میگاایونٹ پی ایس ایل میں دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں متعین انگلینڈ کے سفیرتھامسن کے علاوہ کثیرتعداد میں شائقین بھی موجود تھے، انھوں نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ میں جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی پی ایس ایل کی چیمپئن ہوگی، لاہور کے بعد کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل ہونا کرکٹ کیلیے اچھا ہے، پاکستان میں کرکٹ کا بہت جنون ہے،کراچی میں پی ایس ایل فائنل ہونے سے اچھا پیغام جائیگا، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کریگا، پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ سے محبت مشترک ہے۔
انٹر اسکول کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا، آئی ایم ایس جی ایف سیون ٹو اور آئی ایم ایس جی الیون ون مشترکہ فاتح قرار پائیں، آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے انعامات تقسیم کیے، ٹورنامنٹ میں 4 اسکولز کی ٹیموں نے حصہ لیا،کرکٹ کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ خواتین میں اعتماد بحال کیا جاسکے، کرکٹ کے ذریعے صنفی مساوات کے فروغ کیلیے کوشاں ہیں، انھوں نے کہاکہ کرکٹ جنوبی ایشیا کے عوام کا جنون ہے اور ماضی میں آسٹریلیا کی ٹمیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیموں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوچکے ہیں، انھوں نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ میں جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی پی ایس ایل کی چیمپئن ہوگی۔