اتوار, 24 نومبر 2024


سلمان آغا، پاکستان کرکٹ ٹیم کا ابھرتا ستارا

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں یوں تو لاہور قلندرز کو مسلسل شکست کا سامنا ہے لیکن اس ٹیم نے پاکستان کرکٹ میں ایک باصلاحیت کھلاڑی آغا سلمان کو ضرور متعارف کروایا ہے۔
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آغا سلمان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 48 رنز بنائے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے آغا سلمان نے اپولو کرکٹ کلب سے کرکٹ کھیلنی شروع کی اور 2013 میں اپنا ڈیبیو کیا۔
 
آغا سلمان کا کہنا تھا کہ 'انہیں کافی افسوس ہے کہ ان کی ٹیم اب تک ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، اگر میں آؤٹ نہ ہوتا تو امید تھی کہ ہم میچ جیت جاتے'۔
 
ان کا کہنا تھا کہ جب ٹیم پہلا میچ ہاری تو انہیں دو راتوں تک نیند نہیں آسکی تھی، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 'ممکن ہے کہ آج بھی انہیں نیند نہ آئے'۔
آغا سلمان نے امید کا اظہار کیا کہ وہ پُر امید ہیں کہ مستقبل میں وہ مزید اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور ان کی ٹیم میچز جیتے گی۔
جب ان سے لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ایک بڑے کھلاڑی ہیں، ان کے ساتھ رہ کر ان سے جو کچھ بھی سیکھتا ہوں اس کو میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا، لیکن میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ مجھے اتنے بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے اور سیکھنے کا موقع ملا ہے'۔
پی ایس ایل کے حوالے سے آغا سلمان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جس سے قومی کرکٹ کا حصہ بننے میں آسانی ہوگئی ہے اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ آگے اپنی پرفارمنس مزید بہتر کریں اور جلد قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوجائیں'۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment