ایمزٹی وی(اسپورٹس)درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ میں سٹہ کھیلنے والے 15 بکیز کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا پہلا آف آج دبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ سے قبل کراچی میں درخشاں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 کرکٹ بکیز کو گرفتار کرلیا۔
گرفتارشدگان میں فیصل بافیلہ، فیصل بابا، ندیم جمائی راجہ، ظہیر اور عزیر عرف کمو سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ پولیس نے نجی ٹی وی چینل کے ملازم فراز کو بھی حراست میں لیا ہے۔
ایس پی کلفٹن توقیر نعیم نے بتایا کہ گرفتار بکی پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے لئے سٹے بازی میں مصروف تھے، ملزمان کے قبضے سے 39 موبائل فونز، ساڑھے 6 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، تین لیپ ٹاپ اور قیمتی دستی گھڑیاں برآمد ہوئی ہے، ملزمان سولجر بازار کے رہائشی ہیں۔ ایس پی کلفٹن توقیر نعیم کا کہنا ہے کہ شہر میں 88 بکی کام کررہے ہیں۔