اتوار, 24 نومبر 2024


اسلام آباد یونائیٹڈ کوبڑا دھچکا، کپتان کی شرکت مشکوک

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق انجرڈ ہوگئے جس کے نتیجے میں آج کے میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا پہلا کوالیفائر میچ آج دبئی میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد سرفہرست اور کراچی کنگز نمبرٹو پر ہے۔ فاتح ٹیم براہ راست کراچی میں 25 مارچ کو فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔ تاہم آج پلے آف سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہے کیونکہ اس کے کپتان انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق کی پہلے پلے آف میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ کراچی کنگز سے گزشتہ میچ کے دوران مصباح الحق کے ہاتھ میں گیند لگی تھی۔ اگر مصباح الحق میدان میں نہ اترے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت جے پی ڈومینی کریں گے کیونکہ ٹیم کے نائب کپتان رومان رئیس اور آندرے رسل پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی کے گھٹنے میں ایک بار پھر تکلیف کی اطلاعات سامنے آئی ہیں،ان کی اسلام آباد کیخلاف پلے آف میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے کپتان عماد وسیم بھی انجری کی وجہ سے آخری دونوں میچز نہیں کھیلے اور قیادت ایون مورگن نے کی جو اچھی بیٹنگ فارم میں نظر نہیں آئے۔ جمعے کو انہی دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے میں کراچی کنگز نے 7 وکٹ سے آسان فتح حاصل کی تھی۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کے پاس اب حساب چکتا کرنے کا اچھا موقع موجود ہے جو مصباح کی انجری کی وجہ سے ہاتھ سے نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment