لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ان کی قیادت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ کپتان کو ہٹانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔
چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے سرفراز کی قیادت میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی تھی تو سب ان کے گن گا رہے تھے لیکن خراب کارکردگی ہوتے ہی تنقید شروع کردی گئی۔
چیف سلیکٹر نے ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیت اور ہار سے قطع نظر ہم ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے ، لڑکوں کو اپنی کارکردگی کے معیار کو بلند کرنا ہوگا۔
انہوں نےمزید کہا کہ میری ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بات ہوئی ہے، ایک آدھ تبدیلی معمول کی بات ہے لیکن ہم کسی بھی قسم کی بڑی تبدیلیاں نہیں کر رہے کیونکہ انہی لڑکوں نے پہلے کارکردگی دکھا کر خود کو ثابت کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ سال کی عمدہ کارکردگی کے برعکس ایشیا کپ میں ناکامی سے دوچار ہوئی اور صرف ہانگ کانگ اور افغانستان کے خلاف میچ جیت سکی۔
بھارت کے خلاف پاکستان کو دونوں میچوں میں یکطرفہ مقابلے کے بعد بدترین شکست ہوئی اور پھر سیمی فائنل کی اہمیت کے حامل بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں بھی ٹیم ناکامی سے دوچار ہو کر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
پاکستانی ٹیم کی اگلی آزمائش عرب امارات میں آسٹریلیا سے 2 میچوں پرمشتمل ٹیسٹ سیریز ہے۔