ھفتہ, 23 نومبر 2024


نیوزی لینڈ کےخلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری

بئی : ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لیے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کیوی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، قومی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35 رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کیوی کپتان کین ولیم سن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63 رنز بنائے تاہم کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم صرف 153 رنز بناکرپویلین لوٹ گئی۔

جواب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو27 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز امام الحق اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ نے 20 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے، آج جب کھیل کا اختتام ہوا تو اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کل 59 رنز سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کرے گا۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق,حارث سہیل، بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، محمد عباس اور حسن علی پر مشتمل ہے۔

رواں سال قومی ٹیم کی کارکردگی مثبت رہی، آئرلینڈ کو واحد میچ میں شکست دی، انگلینڈ میں سیریز 1-1 سے برابر کی جب کہ یو اے ای میں آسٹریلیا پر 0-1 سے برتری حاصل کی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کی تھی جب کہ ون ڈے سیریز بارش ہوجانے کے باعث 1-1 سے برابر رہی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment