جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان کے خلاف 83 رنز پر نیوزی لینڈ‌ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

برمنگھم: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہیں۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ برمنگھم میں آمنے سامنے ہیں۔ بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ 3 بجے ہونے والے ٹاس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
 
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے، پچ اچھی لگ رہی ہے، کنڈیشن مختلف ہیں۔ پاکستانی ٹیم اچھی ہے، میچ میں شراکت بنانا اہم ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔
 
قومی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کیچ پکڑنے اور فیلڈنگ کے لیے بہت محنت کی ہے۔ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، نیوزی لینڈ کو کم رنز پر روکیں گے اور ہدف کا تعاقب کریں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم پرفارمنس نے جتوایا۔
 
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کچھ بھی کر سکتی ہے۔ امید ہے اب تمام میچز جیتیں اور سیمی فائنل میں جگہ بنائیں۔ ہمارے بولرز اچھی فارم میں ہیں، امید ہے اچھا کھیلیں گے۔
 
اسکواڈ
 
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
 
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، روس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن گرینڈ ہوم، مچل سینٹنر، میٹ ہنر، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔
 
اب تک پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 2 میچز جیتے، 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔ پوائنٹس ٹیبل پر قومی ٹیم کے 5 پوائنٹس ہیں۔
 
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس نے پوائنٹس ٹیبل پر 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔
 
قومی ٹیم کے لیے یہ میچ نہایت اہم ہے، ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو آج نیوزی لینڈ کو چت کرنا ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم کو ہرانا ہے تو کیوی کپتان ولیمسن اور تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کو جلدی آؤٹ کرنا ہوگا۔
 
کیوی کپتان کین ولیمسن ایونٹ میں 187 کی اوسط سے 373 رنز بنا چکے ہیں۔
 
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف 2 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے بعد قومی ٹیم کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment